سعودی عرب: ریپ سٹار پِٹ بُل کے کانسرٹ سے الریاض سیزن 2021 کا دھواں دھار آغاز

سعودی عرب: ریپ سٹار پِٹ بُل کے کانسرٹ سے الریاض سیزن 2021 کا دھواں دھار آغاز
سعودی عرب کے دارالحکومت میں بدھ کو الریاض سیزن 2021 کے پروگراموں، مقابلوں اور تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ افتتاحی کا آغاز معروف سنگر پٹ بل کے کانسرٹ سے ہوا۔ افتتاحی کانسرٹ میں تقریباً ساڑھے سات لاکھ افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق موسم الریاض کی تقریبات کاباضابطہ آغاز خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی پریڈ سے ہوا۔ پریڈ کے فوری بعد مشہور ریپر پٹ بل کا کانسرٹ بھی ہوا۔ معروف ریسلر انڈر ٹیکر نے پٹ بل کا تعارف کروایا اور حاضرین کو سیزن کی تفصیلات کے بارے میں بتایا۔ پٹ بل نے ریاض فیسٹیول کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں پٹ بل نے لاکھوں کے مجمے کے سامنے پرفارم کیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔



الریاض سیزن نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہےکہ ’’ہم دنیا کا سفرکرنے کے بجائے دنیا کو ایک جگہ آپ کے پاس لے آئے ہیں۔‘‘



اس میں 1500 سے زیادہ فنکار حصہ لے رہے ہیں اور 2760 ڈرونز استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ رقص پیش کیے جارہے ہیں۔



الریاض سیزن میں تمام عمرکے گروپوں کے حاضرین کے لیے موزوں متعدد تفریحی تقریبات اور پرفارمنس کی میزبانی کی جائے گی۔رات کو الریاض کے مختلف مقامات میں آتش بازی کی گئی جس سے آسمان منورہوگیا۔

سیزن میں چودہ زونز بنائے گئے ہیں۔ ان میں بی ایل ای ڈی آر یو ایچ سٹی (بلیوارڈ روح سٹی) اور وایا الریاض، کمبیٹ فیلڈ، الریاض ونٹر ونڈر لینڈ، الریاض فرنٹ، المربع، الریاض سفاری، الاثریہ، الریاض نخلستان، دی گرووز، نبد الریاض، زمان ولیج، السلام ٹری اور خلوحہ شامل ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ (جی ای اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ الریاض سیزن 20اکتوبر2021 کو شروع ہوگا اور یہ مارچ 2022ء تک جاری رہے گا۔

انھوں نے بتایا کہ’’سعودی قومی کیڈرز کے زیراہتمام اس سیزن میں دن کی 7500 تقریبات شامل ہوں گی۔ان میں 70 عرب کنسرٹ، چھے بین الاقوامی کنسرٹ، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹریکل پرفارمنس اور 18 عرب ڈراموں کے علاوہ مفت ریسلنگ چیمپئن شپ، دو بین الاقوامی میچ اور 100 انٹرایکٹو تجربات شامل ہیں۔اس کے علاوہ معزز مہمانوں کی میزبانی کے لیے 200 ریستوران اور 70 کیفے ہوں گے جہاں انواع واقسام کے کھانے دستیاب ہوں گے۔‘‘



ونٹر ونڈر لینڈ
26اکتوبر سے شروع ہوکر مارچ 2022 کے آخرتک جاری رہنے والے ونٹرونڈر لینڈ میں 103 سے زیادہ کھیل اور چھے شعبے شامل ہوں گے: ڈریم لینڈ کارنیوال، سنو فاریسٹ، میجک باکس، ہارر ایڈونچرز، ونڈر روڈ اور ونٹر فیسٹیول۔

گذشتہ سیزن کے مقابلے میں ونٹرونڈر لینڈ میں رواں سال کے دوران 40 فی صد زیادہ جگہ ہوگی اور تمام عمر کے گروپوں کے لیے کھیل، سرگرمیاں اور شوز شامل ہوں گے۔

محافلِ موسیقی
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے رواں ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ الریاض سیزن کے دوسرے ایڈیشن میں جن سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،ان میں موسیقی کے کنسرٹس کا حصہ دو فی صد سے زیادہ نہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی گلوکار پٹبل کا کنسرٹ رواں سیزن کی افتتاحی تقریب میں منعقد ہوگا۔

پیرس کی سینٹ جرمین کلب کا میچ
فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) جنوری 2022ء میں سعودی عرب کے الریاض سیزن کپ میں شرکت کرے گی۔ ایک میچ کے ٹورنامنٹ میں پی ایس جی اور خطہ خلیج کے دو بڑے فٹ بال کلبوں الہلال ایس ایف سی اور النصر ایف سی کے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

سعودی عرب نے اسی ماہ فرانس کے سابق فٹ بال مینجرآرسین وینجر کو پیرس سینٹ جرمین کلب کے خلاف اس میچ کے لیے اپنی دو فٹ بال ٹیموں الہلال اور النصر کا کوچ مقررکیا ہے۔وہ الریاض سیزن کے اس واحد میچ کے لیے ان ٹیموں کے فٹ بالروں کی کوچنگ کریں گے۔

رش فیسٹیول
ایس پی اے کے مطابق ویڈیو گیمز کا میلہ ’’رش‘‘بھی رواں ماہ الریاض سیزن کے دوران میں شروع ہوگا۔ یہ میلہ 22 سے 26 اکتوبر تک دارالحکومت الریاض کے فرنٹ ایریا میں ہوگا۔

رش میلہ لیکٹرانک گیمز کے مقابلوں اور چیلنجوں کی میزبانی کرے گا اور اس میں ٹیکن 7، پیگی، اوورواچ، فیفا 2022، کال آف ڈیوٹی اور دیگرگیمز شامل ہوں گے۔ان کے انعامات کی مالیت 266,598 ڈالر (دس لاکھ سعودی ریال) ہوگی۔

کووِڈ-19 کی پابندیوں میں نرمی
وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں کووِڈ-19 کی پابندیوں میں نرمی آغازکردیاگیا تھا۔اس کے تحت لوگوں کواجتماعات میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی اور ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کواب عوامی مقامات پرماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزارت داخلہ نے اعلامیے میں کہا کہ کھلی جگہوں پر ماسک پہننے کی پابندی اب مکمل ویکسین لگوانے والے افراد پر لاگو نہیں ہوگی جبکہ جن لوگوں کی نگرانی توکلنا ایپ کے ذریعے نہیں کی جارہی ہے،انھیں اب بھی بند جگہوں اورعلاقوں میں ماسک پہننا ہوگا ۔

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے ضابطے کو بھی ختم کردیا گیا ہے اور عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ، ریستورانوں، سینماگھروں کے علاوہ توکلنا کی نگرانی میں ہونے والے دیگراجتماعات کو ایک مرتبہ پھر پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی دے گئی ہے۔