بھاگنے والے نیوزی لینڈ کو جواب دینے کا وقت آگیا، کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، رمیز راجہ

بھاگنے والے نیوزی لینڈ کو جواب دینے کا وقت آگیا، کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، رمیز راجہ
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں قومی ٹیم کے دوسرے میچ سے قبل دیئے گئے بیان میں کہنا ہے کہ پہلے ہدف بھارت تھا اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ بھی نشانے پر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر واپس جانے والی نیوزی لینڈ کو جواب دینے کا وقت آگیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ آج بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد پاکستانی فینز بھی چیئرمین پی سی بی کی طرح گرین شرٹس کے ہاتھوں کیویز کی شکست کیلئے پر جوش ہیں ۔

پاکستان کا دورہ اچانک منسوخ کرکے واپس جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا پہلی بارگرین شرٹس سے آمنا سامنا ہوگا، بھارت کو بھیگی بلی بنانے والے شاہین اب کیویز کو دبوچنے کو بے قرار ہیں، قومی ٹیم کے میچ سے قبل سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہونا شروع ہوچکی ہے، کسی نے بھارت کے ساتھ میچ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے خطرناک لوگ ہیں ، کسی نے کین ولیم سن اور بابراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ خطرہ ہے لیکن سکیورٹی کا نہیں۔