مراد علی شاہ کا عمران خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں نوکری دینے کا اعلان

مراد علی شاہ کا عمران خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں نوکری دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کی حکومت برسراقتدار آئی تو عمران خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) میں رکھیں گے کیونکہ یہی کام ان کے لئے آئیڈیل ہے۔ ہم بیک ڈور سے نہیں آئیں گے، ہمیں عوام پوری ذمہ داری دیں گے۔

اپنے ایک حالیہ بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستانی ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کامیابیوں پر تمام کھلاڑیوں اور قوم کو مبارکباد دی لیکن وزیراعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ قومی ٹیم کی حالیہ فتوحات اور کارکردگی ان کی بدولت ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت اقتدار میں آئی تو عمران خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) میں رکھیں گے۔ کیونکہ میں نے پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ ان کیلئے سب سے بہتر کام کرکٹ کے امور چلانا ہی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ بات آج احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔ وہ نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس پر سماعت کے لیے پیش ہوئے تھے۔ تاہم ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر موخر کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کرخود کو مشکل میں ڈال دیتی ہے۔ پی ٹی آئی  حکومت کو گورننس ہی نہیں آتی۔ احتجاج والا معاملہ بہتر طریقے سے ہینڈل ہو سکتا تھا۔ مسائل کا حل ایک ہی ہے  کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں۔ حکومت پہلے کام خراب کر کے پھر اسے ٹھیک کرنے پر مبارکباد چاہتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خود کو کراچی کی سب سے بڑی جماعت کہنے والے شہر قائد آئیں اور لوگوں کا حال دیکھیں۔ وہاں ہواؤں کا رخ اب تببدل ہو چکا ہے۔ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا وہ بھی متنفر ہو چکے۔ جس طرح انہوں نے انتخابات جیتے وہ سب کو معلوم ہے۔ انشا اللہ آپ دیکھیں گے پی ٹی آئی کے لوگوں کی اب ضمانتیں ضبط ہوں گی۔