جاپانی ٹرین میں ''جوکر'' کا حملہ، چاقو کے شدید وار، 17 مسافر شدید زخمی

جاپانی ٹرین میں ''جوکر'' کا حملہ، چاقو کے شدید وار، 17 مسافر شدید زخمی
جاپان کے شہر ٹوکیو میں جوکر کا روپ دھارے ایک ملزم نے چلتی ٹرین میں چاقو کے وار کرکے متعدد مسافروں کو زخمی کر دیا۔ ملزم کی عمر لگ بھگ 24 سال بتائی جا رہی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جوکر کے حملے میں 17 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ واقعہ گزشتہ روز اتوار کی شام پیش آیا۔ اکثر جاپانی لوگ ٹوکیو میں ہیلووین کے تہوار میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔

ٹرین میں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ جوکر کا روپ دھارے اس ملزم نے سبز اور بینگنی لباس پہن رکھا تھا۔ اس نے پہلے ٹرین کے ڈبے کو آگ لگائی۔ پھر اچانک چاقو سے حملہ کردیا۔ لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگتے رہے۔



کچھ لوگوں نے چلتی ٹرین کی کھڑکیاں توڑ کر ان سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔ یہ افسوسناک واقعہ شہر کے مغربی مضافاتی علاقے میں رات آٹھ بجے پیش آیا۔ ملزم شخص کو پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم نے پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اسے جوکر کا کردار بہت پسند ہے۔ وہ رواں سال جون سے کسی کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا۔ تاکہ اس جرم کی پاداش میں اسے سزائے موت دیدی جائے۔

خیال ریہے کہ 2019ء کی مقبول فلم ' جوکر' کو جب ٹرین میں سفر کے دوران لوگ ہراساں کتے ہیں تو وہ ان پر حملہ کر دیتا ہے۔ یہی وہ موقع ہوتا ہے جب اس کردار کے جوکر میں بدلنے کی شروعات ہو جاتی ہے۔