ٹی ایل پی کا وزیراعظم سے فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

ٹی ایل پی کا وزیراعظم سے فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کالعدم تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) اور سنی تحریک نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان ٹی ایل پی نے کہا کہ وزیراعظم دیکھیں کہ فواد چوہدری کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، تحریک کو ختم کرنے والے خود ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری ہوش کے ناخن لیں اور اپنی زبان کو قابو میں رکھیں، امید ہے آج سربراہ تحریک لبیک رہا ہو جائیں گے۔

رجمان کالعدم ٹی ایل پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، دھرنے کے شرکا پُرعزم اور اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔

ترجمان سنی تحریک نے کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا بیان انتشار پھیلانے کے مترادف ہے، فواد چوہدری سنی تحریک کی تاریخ کو جانے بغیر بیان بازی سے گریز کریں، سنی تحریک ہمیشہ امن پسند جماعت رہی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتہا پسند جماعت سے اتحادکا مطلب عالمی سطح پر تنہائی ہے، انتہا پسند جماعتیں سیاست میں بہتر کردار ادا کرنے کے بجائے انتشار پھیلاتی ہیں، ایسی جماعتوں کی سیاست میں شرکت محدود ہوتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کے ردعمل میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب سنی تحریک، تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) سے زیادہ پرتشدد تھی ، وقت کے ساتھ ایسی جماعت کا خاتمہ ہوجائےگا۔