کالعدم ٹی ایل پی کی فنڈنگ کے کوئی ثبوت نہیں دیکھے، اسے قومی دھارے میں خوش آمدید کہیں گے، علی محمد خان

کالعدم ٹی ایل پی کی فنڈنگ کے کوئی ثبوت نہیں دیکھے، اسے قومی دھارے میں خوش آمدید کہیں گے، علی محمد خان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت کو قومی دھارے میں خوش آمدید کہیں گے۔

جیو ٹی وی کے مطابق انہوں نے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ موجودہ معاہدہ ایک عارضی حل ہے ،سات سے دس دن میں معاہدے پر عمل درآمد کی صورت میں کالعدم جماعت کے سربراہ کی رہائی سمیت دیگر تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم موجودہ معاہدے کی تمام تفصیلات سے باخبر رہے۔ کالعدم ٹی ایل پی کی بھارت سے فنڈنگ کے کوئی ثبوت نہیں دیکھے جبکہ فرانسیسی سفیر کی بے دخلی پر پارلیمنٹ جو فیصلہ کرے گی، کالعدم جماعت اسے قبول کرے گی اور ہم کالعدم جماعت کو قومی دھارے میں خوش آمدید کہیں گے۔

https://twitter.com/shazbkhanzdaGEO/status/1455631130573611011

دوسری جانب تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر سینیٹراعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے سیاسی معاملات پرگفتگو جلد شروع کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ حکومتی معاہدہ خوش آئند ہے اور پرامید ہوں کہ معاہدہ جلدی پایہ تکمیل پر پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعدرضوی کی رہائی پرگلدستہ لیکر ملاقات کیلئے جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک سے سیاسی معاملات پرگفتگو جلد شروع کریں گے۔دوسری جانب حکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلا ع میں 16ایم پی او کے تحت نظر بند افراد کو رہاکردیا گیا،7اے ٹی اے کے تحت درج مقدمات ختم کرنے کیلئے عدالت جانا ہوگا۔
نجی ٹی وی دنیا کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو ابتدائی رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایسے افراد جن پر کوئی کیسز نہیں ان کو رہا کردیا گیا ہے۔