مہنگائی کا پارہ 15 اعشاریہ 21 ریکارڈ، 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

مہنگائی کا پارہ 15 اعشاریہ 21 ریکارڈ، 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 15.21 پر پہنچ گئی۔ کم آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 16 اعشاریہ 43 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ واراعدادوشمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ملک میں مہنگائی کی اوسط شرح 15 اعشاریہ 21 فیصد کی سطح تک پہنچ چکی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 28 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ صرف 3 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا جبکہ چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارے کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 77 روپے کا اضافہ ہوا اور ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت 2411 سے بڑھ کر 2489 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ گھی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا جبکہ انڈے، آلو اور گڑ کی قیمتیں بھی بڑھیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کمی آئی جبکہ پیاز کی قیمت میں 2 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔