'خان صاحب میری کوشش رہی کہ عوام کی امیدیں قائم رہیں مگر اب تھک رہا ہوں'، کامران خان

'خان صاحب میری کوشش رہی کہ عوام کی امیدیں قائم رہیں مگر اب تھک رہا ہوں'، کامران خان
سینئر اینکر کامران خان نے اپنے حالیہ وی لاگ میں وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب میری کوشش رہی کہ عوام امیدیں قائم رہیں مگر اب تھک رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ' عمران خان صاحب میری کوشش رہی کہ عوام کی امیدیں قائم رہیں، قوم سے تبدیلی کے وعدے پورے کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتا رہا ہوں۔ لیکن اب تھک رہا ہوں۔ آپ سے جڑی امیدیں مدھم پڑ رہی ہیں۔'

کامران خان نے کہا کہ 'آپ اقتدار کے 60 میں سے 40 گویا دو تہائی مدت پوری کر چکے ہیں۔ آپ کے خوش آمدیوں میں سے کسی نے نہیں بتایا تو میں بتا دیتا ہوں کہ آپ کی حکومت خطرناک بھنور میں پھنس چکی ہے۔ خطرہ ہے کہ کنارہ لگنے سے پہلے کشتی ہی ڈوب جائے۔ آپ کپتان ہیں اس کو ڈوبنے سے بچائیں۔'

وزیراعظم سے مخاطب ہو کر انہوں نے مزید کہا کہ 'کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام تبدیلی کا انتظار کر رہے ہیں۔ 40 ماہ گزر گئے ، بہتری کیا آتی ہر گزشتہ ہفتہ بگاڑ میں اضافہ کر رہا ہے۔ خان صاحب آپ نے جذباتیت دکھائی۔ گزشتہ ماہ آئی ایس آئی چیف کی تعیناتی کا معاملہ پاکستان کی جگ ہنسائی اور ہم سب کو ڈپریشن میں مبتلا کر گیا۔ شکر کہ ناقابل تلافی نقصان نہیں ہوا۔ آرمی لیڈرشپ پہلے کے طرح آپ کی پشت پر کھڑی ہے۔ مگر عام پاکستانی پریشان ہے۔'

کامران خان نے مزید کہا کہ 'خان صاحب آپ کی حکومت میں عوام کا بجلی، پٹرول اور اشائے خرد و نوش کا بل دگنا ہو چکا ہے۔ محمد میاں سومرو کی قیادت میں کوئی نجکاری نہیں ہوئی یہی وجہ ہے کہ قومی کارپوریشن قوم کا خون پہلے چوس رہی تھیں آج بھی اتنا ہی چوس رہی ہیں۔ افسوس کہ پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن ابھی تک ٹھپ پڑا ہے۔ ان گنت سانحات نے ریلوے کی نا اہلی کی تاریخ رقم کر دی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'شوگر مافیہ پر کاروائی کے لیے آپ نے کوششیں کیں مگر قیمتیں سوا سو روپے تک بڑھ گئیں۔ احستابی عمل کا یہ عالم کہ نیب میں کسی ایک بڑے ملزم کو سزا نہیں ہوئی مگر ایڈی چوٹی کا زور لگانے کا باوجود لندن عدالت نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس کے الزامات سے بری کر دیا۔'

کامران خان نے مزید کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان صاحب، الیکشن 2018 میں کراچی نے اتنے ووٹ دئیے کہ آپ ششدر رہ گئے آپ نے انہیں پلٹ کر نہ دیکھا۔ 40 ماہ قبل نواز شریف کا کراچی کے لیے گرین لائن منصوبہ آپ کو نصف تکمیل شدہ ملا مگر آج تک آپ اس گرین لائن کو بھی نہ چلوا سکے۔'

آخر میں کامران خان نے کہا کہ 'پنجاب میں آپ نے 6،6 آئی جیز اور چیف سیکرٹریز بدل دئیے، عثمان بزدار سے آپ کی پوری ٹیم بد دل ہوگئی مگر آپ کا ان پر سے اعتماد ٹس سے مس نہ ہوا۔ خان صاحب آپ کے پاس صرف بیس ماہ ہیں۔ سمجھیں ٹی ٹوئنٹی میچ ہے، آخری دس اوورز میں آپ نے 200 رنز کرنے ہیں۔ ٹیم عمران خان اگر یہ معجزہ دکھا سکتی ہے تو کیا بات ہے، ورنہ بھاری دل سے خدا حافظ۔'

https://twitter.com/AajKamranKhan/status/1458391451981647879