اپوزیشن کا ق لیگ سے مل کر حکومتی انتخابی بل مسترد کرانے کا فیصلہ

اپوزیشن کا ق لیگ سے مل کر حکومتی انتخابی بل مسترد کرانے کا فیصلہ
اپوزیشن نے ق لیگ سے مل کر حکومتی انتخابی بل مسترد کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے مسلم لیگ(ق) سے حکومتی اتحاد سے بھی الگ ہونے کی درخواست کردی ساتھ ہی ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے وفد نے ق لیگی قیادت کو انتخابی اصلاحات بل کی حمایت نہ کرنے کا بھی اصرار کیا، ق لیگی قیادت اور اپوزیشن نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ہم نیوز کے ذرائع مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر اہوزیشن رہنماؤں خواجہ سعد رفیق ،خورشید شاہ اور شاہدہ اخترعلی ودیگر نے ق لیگ کے وفد سے ملاقات کی۔

اپوزیشن رہنماؤں نے ق لیگ قیادت سے انتخابی اصلاحات بل کی حمایت نہ کرنے کی درخواست کی۔ اپوزیشن نے ق لیگ سے یہ درخواست بھی کی کہ مسلم لیگ ق کو حکومتی اتحاد سے الگ ہو جانا چاہیے۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ق نے پارٹی میں مشاورت کے بغیر انتخابی اصلاحاتی بل کی حمایت سے انکار کیا۔ دونوں جانب سے تعاون کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ق لیگ حکومت کی اتحادی جماعت ہے، وزیراعظم سے ای وی ایم سمیت تمام معاملات پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم کو کہا کہ ہم سے مشاورت کریں جو آج تک نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3 سال سے وفاقی وزیر ہوں وزیراعظم کوئی مشاورت نہیں کرتے، وزیراعظم باقی وزرا سے بھی مشاورت کرتے ہیں لیکن ہم سے کیوں نہیں؟ رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے صرف اسمبلی میں ملاقات ہوتی ہے، ن لیگ سے ہماری کوئی ملاقات نہیں ہوئی، مونس الہٰی نے بلاول بھٹو سے پانی سے متعلق امور پر ملاقات کی، یا پھر خورشید شاہ سے کل ملاقات اس لیے کی کہ وہ جیل سے رہا ہوکر آئے ہیں۔

اگرحکومت گرے گی تو ہم بھی گریں گے کیونکہ اتحادی ہیں۔ طارق بشیر چیمہ آج تک حکومت کے ایک بل کی بھی مخالفت نہیں کی، اس پر بھی سی ای سی کا اجلاس بلائیں گے جس میں مشاورت کی جائے گی، اجلاس میں ای وی ایم سمیت تمام معاملات پر مشاورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آرہے ہیں ہمیں بھی سیاسی فیصلے کرنے ہیں، عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں کیونکہ انتخابات قریب ہیں۔