کمالیہ میں 80 سالہ معمر خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا

کمالیہ میں 80 سالہ معمر خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں 80 سالہ معمر خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمالیہ شہر میں ایک 80 سالہ بزرگ خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کمالیہ کے نواحی گاؤں کھوکھراں والی میں پیش آیا، جہاں بلال نامی شخص نے بے سہارا خاتون کو رات کی تاریکی میں درندگی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والے جنسی زیادتی کیسز کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

لاہور میں موٹروے زیادتی کیس کے بعد ملک بھر میں عوام نے ایک مہم شروع کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنسی زیادتی ملزمان کو سرعام پھانسی یا سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ وزیراعظم اور کئی وزراء نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔ عوامی مہم کے نتیجہ میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی کابینہ نے’’کسٹریشن قانون‘‘ فوری نافذ کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ جبکہ عوامی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے بعد کچھ ماہ قبل ہی سانحہ موٹروے میں ملوث ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی تھی۔