25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان

25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان
آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے رواں ماہ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت کیساتھ مذاکرات کی ناکامی پر کیا گیا ۔ ڈیلرز کا مطالبہ ہے کہ ان کے مارجن میں 6 فیصد اضافہ کیا جائے۔

اس حوالے سے آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات نعمان بٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھیں جائیں گے۔ حکومت نے 6 فیصد مارجن بڑھانے کا مطالبہ منظور نہیں کیا، جب تک ہماری ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، کوئی مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے رواں ماہ 5 نومبر کو دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت ٹال مٹول کیساتھ کام لیتی رہی اور تاخیری حربے اپنانا نہ چھوڑے تو ملک گیر ہڑتال کرتے ہوئے پیٹرول پمپس بند کر دیئے جائیں گے۔

اس سے قبل 3 نومبر کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر مارجن بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس یقین دہانی پر ڈیلرز ایسوسی ایشن نے احتجاج اور ہڑتال کی کال کو واپس لے لیا تھا۔

اس اجلاس میں سیکرٹری پیٹرولیم ڈاکٹر ارشد کی سربراہی میں سٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ پندرہ نومبر کو ای سی سی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مارجن بڑھانے سے متعلق معاہدے کا اطلاق کیا جائے۔ حکومتی وفد میں آئل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل آئل بھی شریک تھے۔