حکومت کسی صحافی کا فون ٹیپ نہیں کرتی، شکایت کنندہ عدالت جائیں، شیریں مزاری

حکومت کسی صحافی کا فون ٹیپ نہیں کرتی، شکایت کنندہ عدالت جائیں، شیریں مزاری
وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی نہیں کہ صحافیوں کے فون ٹیپ کرے، اگر کسی صحافی کو شکایت ہے کہ ان کے فون ٹیپ ہورہے ہیں تو وہ عدالت جاکر کیس کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر انسانی حقوق نے مزید کہا کہ خواتین کو معاشرے میں آسان ہدف بنا دیا گیا اور خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں خاتون ہونے کی وجہ سے مجھے ہدف بنایا اور میرے بارے میں نازیبا کلمات کہے لیکن انکی تقریر پر ن لیگ کی خواتین نے بھی احتجاج تک نہیں کیا اور ایک خاتون کو نشانہ بنانے پر دیگر خواتین پارلیمنٹیرینز بھی کھڑی نہیں ہوئی۔

وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا رولز پر ہماری وزارت نے کام کیا اور عملدرآمد کیے بغیر کسی قانون کا فائدہ نہیں کیونکہ جب تک معاشرے کا مائیڈ سیٹ تبدیل نہیں ہوگا تب تک کوئی فائدہ نہیں۔

شیریں مزاری نے مزید کہا کہ بچوں سے زیادتی گھروں سے شروع ہوتی ہے اور حکومت کیلئے معاشرے کے مائنڈ سیٹ میں تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہے۔