سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو جعلی ثابت ہوگئی، اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا دعویٰ

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو جعلی ثابت ہوگئی، اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا دعویٰ
اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانزک میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو جعلی ثابت ہو چکی ہے، جلد ہی اس فرانزک رپورٹ منظر عام پر لا رہے ہیں۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جلد فرانزک رپورٹ اور دیگر دستاویزات سامنے لارہے ہیں، مریم نواز شریف کو چیلنج ہے کہ وہ آڈیو لے کر عدالت جائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ کے معاملے پر اہم بیان دیتے ہوئے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس آڈیو کا فرانزک کرا لیا ہے جس میں اسے جعلی ثابت کر دیا گیا ہے۔



اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مبینہ آڈیو ٹیپ کا فرانزک پاکستان اور برطانیہ کے صحافیوں نے دونوں ممالک میں کرایا ہے۔ فرانزک کمپنی نے آڈیو کے جعلی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوٹری پبلک نے سابق چیف جج رانا شمیم کا حلف نامہ تصدیق کیا کہ اسے بھی جعلی بنایا گیا تھا۔ ایک شخص نے گورنر ہاؤس لاہور کے مالک ہونے کا دعویٰ کیا، نوٹری پبلک نے اس بیان حلفی کی بھی تصدیق کر دی۔

انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیان کی تصدیق چارلی گتھری نے کی، نوٹری پبلک نے گورنر ہاؤس کی ملکیت کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ نوٹری پبلک نے انکشاف کیا اس کو لندن میں حسین نواز کے دفتر لےکر جایا گیا۔ حسین نواز کا ملازم وقار اسے لے کر گیا جہاں رانا شمیم موجود تھے۔ حسین نواز کے دفتر میں رانا شمیم کا بیان حلفی بنا کر تصدیق کی گئی۔

‘یہ بھی پڑھیں: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے دورہ لندن کے دوران بھی مبینہ چیزیں ریکارڈ ہونے کا انکشاف’
خیال رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے صحافی اظہر جاوید نے انکشاف کیا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی دورہ لندن کے دوران بھی چیزیں ریکارڈ ہوئیں جو کچھ لوگوں کے پاس موجود ہیں، ضروری نہیں کہ وہ شریف فیملی کے پاس ہوں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار ماضی میں لندن آئے، ان کا یہاں تین چار روز قیام تھا، اس دوران انہوں نے مختلف لوگوں اور دوستوں سے ملاقاتیں کیں۔



ان کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ ایسی آڈیوز اور ویڈیوز کا علم ہے جس میں کچھ قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی ہے۔ یہ تمام چیزیں میں نے خود دیکھی ہیں جو بہت ہی خوفناک ہیں۔ ثاقب نثار اپنی مبینہ آڈیو ٹیپ کا انکار کر رہے ہیں لیکن اگر وہ ویڈیوز آ گئیں تو اس میں بہت سے ایسے لوگوں کے نام ہیں جو ہمارے ملکی اداروں کی اہم پوزیشنز پر رہے ہیں۔
صحافی نے دعویٰ کیا کہ ان میں ارشد ملک کی ویڈیو بھی شامل ہیں جن میں وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے معافی کا طلبگار ہوتے ہوئے بتا رہا ہے کہ وہ کون کون سے کردار ہیں جنہوں نے اسے مجبور کیا، کون پیغامات لاتا رہا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جب بھی پاکستان میں عام انتخابات کا اعلان ہوگا، اس سے قبل ہی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف ملک میں موجود ہونگے۔
خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ آگے تو سنیما اسکوپ فلمیں آنے والی ہیں۔ جس میں دِکھائی دے گا کہ کوئی سوئمنگ پول میں تو کوئی باتھ روم میں گرا ہوا ہے۔