'ہماری تاریخ ترکی کی نہیں،برصغیر کی ہے' عفت عمر کے بیان پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا

'ہماری تاریخ ترکی کی نہیں،برصغیر کی ہے' عفت عمر کے بیان پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا
ماڈل، اداکارہ و میزبان عفت عمر کو ایک بار پھر اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔ ، ماضی میں بھی ان کی موجودہ حکومت پر تنقید کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہماری تاریخ برصغیر کی ہے، ہمیں اس کی توثیق کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری تاریخ ترکی کی نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان و ساتھی اداکار نعمان اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ عفت عمر کا کہنا تھا کہ اگر میں موجودہ حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرتی ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اپوزیشن کے ساتھ ہوں۔ اگر میں وزیراعظم عمران خان کو ان کوتاہیوں کے بارے میں بتاتی ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں خود کو کسی دوسری سیاسی جماعت سے جوڑتی ہوں۔

اداکارہ نے ملک کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ محکمے دوسرے محکموں میں مداخلت کرتے رہے تو ہم کبھی کامیابی کی طرف نہیں بڑھ پائیں گے، ہمیں امن کی ضرورت ہے، ہمیں تعلیم کی ضرورت ہے، ہمیں سائنس کی ضرورت ہے، اگلے 30 سالوں میں، دنیا میں ٹیکنالوجی کا قبضہ ہو گا۔

اس کے بعد نعمان اعجاز نے سوال کیا کہ حکومت نے ترکی کے مشہور شوز کو نشر کرکے اسلامی تاریخ کو کیسے فروغ دیا ہے۔ اس پر عمر نے ہاتھ جوڑ کر جواب دیا، ترکوں نے ہم پر حملہ کیا تھا، اس کو سمجھیں، ہمیں فرضی کرداروں کی ضرورت نہیں، ہمیں سائنسدانوں کی کہانیوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ایک بھی ریاضی دان، سائنسدان ایسا نہیں ہے جو دنیا بھر میں مشہور ہو۔

https://youtu.be/WnzdwpdRr8I

اس کے بعد نعمان اعجاز نے عفت عمر سے صلاح الدین ایوبی پر آنے والی سیریز میں پاک-ترک تعاون کے بارے میں پوچھا، جس پر عفت عمر نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا، "جب سے ہمارا ملک بنا ہے تب سے پاکستانیوں میں یہ بات پائی جاتی ہے۔ ہم اپنے آپ کو برتر سمجھتے ہیں۔ ہماری تاریخ برصغیر کی ہے، ہمیں اس کی توثیق کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری تاریخ ترکی کی نہیں ہے۔"

میزبان نے پھر سوال کیا کہ کیا وہ سیاست میں قدم رکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں جس کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں ایسا نہیں کر سکتی۔ اداکارہ نے ہنس کر کہا "کبھی نہیں۔ میں اس کے لیے اہل نہیں ہوں۔ میں ایک اداکار ہوں، یہ میرا پیشہ ہے، یہی میرا کیریئر ہے۔"

اس انٹرویو کے بعد ترکی اور خاص کر صلاح الدین ایوبی کے متعلق عفت عمر کے بیان کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شدت پسندوں کی جانب سے عفت عمر کے بارے میں تضحیک آمیز باتیں کی جارہی ہیں۔ انہیں ایک ہی جملے میں گالی اور اسلامی شعار کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔

https://twitter.com/siasatpk/status/1464315521873162247