سینئر صحافی محمد ضیاالدین طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

سینئر صحافی محمد ضیاالدین طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
تجربہ کار صحافی اور ڈان کے سابق اسٹاف محمد ضیاالدین طویل علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں پیر کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ وہ اسلام آباد میں ڈان کے سابق ریزیڈنٹ ایڈیٹر بھی تھے۔

1938 میں بھارت کے شہر مدراس (موجودہ چنئی) میں پیدا ہونے والے محمد ضیاء الدین کا انتقال اسلام آباد میں واقع ان کی رہائشگاہ پر ہوا اور انتقال کے وقت ان کی عمر 83 برس تھی۔

محمد ضیاء الدین کا خاندان 1952 میں بھارت سے ڈھاکہ (سابقہ مشرقی پاکستان) منتقل ہوا اور پھر محمد ضیاء الدین 1960 میں پاکستان منتقل ہو گئے اور یہیں مستقل سکونت اختیار کر لی۔

تقریباً 60 برس تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہنے والے نامور صحافی ڈان اخبار اور ایکسپریس ٹریبیون کے ایڈیٹر بھی رہے۔

ضیاالدین نے 1964 میں کراچی یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں اسی سال انہوں نے پاکستان پریس انٹرنیشنل میں کب رپورٹ کے طور پر اس پیشے میں قدم رکھا۔

بعدازاں انہوں نے ڈان میں شمولیت اختیار کی جہاں وہ طویل عرصے تک اسلام آباد اور لاہور کے لیے بطور ریزیڈنٹ ایڈیٹر کام کرتے رہے، وہ 2006 سے 2009 تک لندن میں اخبار کے نمائندے بھی رہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور بعد ازاں 2002 سے 2006 تک ساؤتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

ان کے انتقال پر ملک کی صحافت اور میڈیا برادری کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا جس میں مختلف شخصیات نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔