بھارتی جنرل بپن راوت نے زخمی حالت میں مقامی افراد سے کیا کہا تھا؟

بھارتی جنرل بپن راوت نے زخمی حالت میں مقامی افراد سے کیا کہا تھا؟
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت نے ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے بعد زخمی حالت میں مقامی افراد سے بات چیت کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے ہیلی کاپٹر واقعے کے ایک عینی شاہد شیو کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بھارتی جنرل بپن راوت کو پہاڑیوں سے ملبہ ملنے کے بعد زندہ دیکھا۔

شیو کمار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’وہ اپنے بھائی سے ملنے جارہا تھا کہ اُسی دوران ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہوا۔

عینی شاہد شیو کمار کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کو آگ میں لپٹے اور گرتے دیکھا جس کے بعد وہ اور دیگر افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

شیو کمار نے بھارتی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ’ہم نے تین لاشیں گرتے ہوئے دیکھی جبکہ ایک آدمی زندہ تھا اور اس نے ہم سے پانی مانگا تھا۔‘

عینی شاہد نے کہا کہ ’ہم نے چادر کی مدد سے اُس شخص کو ملبے سے باہر نکالا جس پر اُس نے ہم سے پانی مانگا۔‘

شیو کمار نے کہا کہ ’جس آدمی سے اس نے بات کی تھی وہ جنرل بپن راوت تھا۔‘

عینی شاہد نے مزید کہا کہ ’اس حادثے کے بعد وہ ساری رات سو نہیں سکا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے۔