پنجاب حکومت نے وزرا کی نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ منظور کر لی

پنجاب حکومت نے وزرا کی نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ منظور کر لی
ملک بھر میں مہنگائی اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے باوجود پنجاب حکومت کی شاہ خرچیاں کسی طور کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔

پنجاب کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے صوبائی وزرا کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب کابینہ کے وزرا کے لیے 1800 سی سی 46 نئی گاڑیوں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ایک بلٹ پروف گاڑی کی خریداری کے لیے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے 18 کروڑ 64 لاکھ روپےکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔

اس ضمن میں محکمہ خزانہ کو رقم فوری جاری کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپلیمنٹری گرانٹ کے اجراپرپابندی ہے اس لیے منظوری قائمہ کمیٹی برائےخزانہ سے لی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت یہ گاڑیاں خریدنےکی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے۔

خیال رہے گذشتہ ماہ پنجاب حکومت نے محکمہ جنگلی حیات ،فشریز اور جنگلات کے لیے 67 گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ اس کے علاوہ چار سو موٹر سائیکلز بھی خریدی جائیں گی اور 88 خالی آسامیوں پر بھرتیاں بھی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکرٹری جنگلی حیات شاہد زمان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے مانیٹرنگ اور سکیورٹی پر معمور سکیورٹی گارڈز کے لیے اسلحہ رکھنے اور اسلحہ خریدنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ رواں برس اکتوبر میں محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ صوبائی وزراء کے لیے نئی کاریں خریدنے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق کابینہ میں شامل 37 وزراء میں سے 36 کے لیے نئی کاریں خریدی جائیں گی۔ اس ضمن میں جاری کی گئی سمری کے متن کے مطابق 5 معاونین خصوصی اور 5 اسپیشل اسسٹنٹ کو بھی نئی کاریں ملیں گی، نئی کاریں خریدنے کے لیے 16 کروڑ سے زائد رقم خرچ ہو گی۔