انڈیا: 9 سے زائد سم کارڈ رکھنے والوں کے نمبر بند کرنے کا حکم

انڈیا: 9 سے زائد سم کارڈ رکھنے والوں کے نمبر بند کرنے کا حکم
انڈیا میں ٹیلی کمیونیکیشن کے محکمے نے 9 سے زیادہ سم کارڈ رکھنے والے صارفین کے سموں کی دوبارہ تصدیق اور تصدیق نہ ہونے پر سم کو معطل کرنے کاحکم دیا ہے۔

محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صارفین کے پاس اجازت سے زیادہ سم کارڈ رکھنے کی صورت میں انہیں اپنی پسند کی سم جاری رکھنے اور بیلنس آف کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔

محکمہ نے کہا ہے کہ محکمہ کی طرف سے کیے گئے تجزیے کے دوران اگر کسی سبسکرائبر کے پاس تمام ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کے سم کارڈز کی مقررہ تعداد سے زیادہ پائی جاتی ہے، تو تمام سموں کی دوبارہ تصدیق کی جائے گی۔

یہ اقدام مالی جرائم، قابل اعتراض کالز، خود کار کالز اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے واقعات کی تحقیقات کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

محکمہ نے ٹیلی کام کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ ان تمام موبائل نمبروں کو ڈیٹا بیس سے حذف کر دیں جو قواعد کے مطابق استعمال میں نہیں ہیں۔