پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جلد کم ہو جائیں گی، شوکت ترین نے نوید سنا دی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جلد کم ہو جائیں گی، شوکت ترین نے نوید سنا دی

مشیر خزانہ شوکت ترین نے عوام کو نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونا شروع ہو جائے گی۔


یہ بات انہوں نے اردو نیوز کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا لیکن اس کے باوجود پاکستان میں قیمتیں کم نہیں ہوئی تھیں لیکن اب آئندہ چند ہفتوں میں ہمارے ملک میں بھی کمی دیکھی جائے گی۔


ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت منی بجٹ پیش کر رہے ہیں لیکن میں ابھی اس بارے میں نہیں بتا سکتا کہ کن کن چیزوں پر ٹیکس بڑھایا جائے گا۔


خیال رہے کہ میڈیا میں یہ باتیں زیر گردش ہیں کہ حکومت نے بیرون ممالک سے درآمد کی جانے والی بیشتر اشیا جن میں پرفیومز، جوتے، کپڑے اور دیگر سامان شامل ہے پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں تیار کی گئی چیزوں پر سیل ٹیکس 17 فیصد کر دیا جائے گا۔


شوکت ترین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت ہم منی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے جا رہے ہیں جبکہ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے بل بھی اس میں شامل ہوگا۔


ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کھانے پینے کی اشیا پر حکومت کی جانب سے جو سبسڈی دی جا رہی ہے، ہم اسے ختم نہیں کریں گے۔ منی بجٹ آنے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ نہیں ہوگا۔