'عمران خان اتحادیوں کے مرہون منت، شاید اسی طرح آئندہ بھی ان کی حکومت بنا دی جائے'

'عمران خان اتحادیوں کے مرہون منت، شاید اسی طرح آئندہ بھی ان کی حکومت بنا دی جائے'
ماروی سرمد نے کہا ہے کہ مختلف حلقے مسلسل یہ بات کہہ رہے ہیں کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پیج پھٹ چکا ہے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ عمران خان کی حکومت اتحادیوں کے مرہون منت، آئندہ بھی شاید اسی طرح ان کی حکومت بنا دی جائے۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''کراچی ٹی ہائوس'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس وقت پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت حاصل نہیں ہے، وہ اپنے اتحادیوں کے مرہون منت ہیں۔ اسی حالت میں شاید ان کی حکومت دوبارہ آ جائے۔ تاہم اگر سیاسی طور پر کچھ تبدیلی ہوئی تو عمران خان کی جگہ پیپلز پارٹی آ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب میاں نواز شریف جس طرح سے معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی بھی اسی قسم کی پوزیشن ہوسکتی ہے۔ تاہم آئندہ انتخابات کے بعد جو بھی جماعت اقتدار حاصل کرے گی وہ تحریک انصاف سے بہتر نہیں ہوگی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پیکج دینے کی سیاست کو فالو کیا ہے، اس سے ریاست کی وہ غلطیاں جس نے ہمیں آج اس نہج تک پہنچا دیا ہے تبدیل نہیں ہونگی۔ ان میں سے کچھ پالیسیوں سے عوام کا فائدہ تو ہو سکتا ہے لیکن اس سے بنیادی مسائل حل نہیں ہو پائیں گے۔

مصباح ابراہیم نے ماروی سرمد کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی ایسا ہی لگتا ہے کہ کوئی پیج نہیں پھٹا۔ فراز درویش کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن میں بھی یہ پیج اس طرح باقی رہے گا اور مختلف حلقے یہ بات تواتر کیساتھ کہہ رہے ہیں۔