بنوں میں پولنگ اسٹیشن پر حملہ: الیکشن کمیشن کا صوبائی وزیر کو بیٹے اور بھائی سمیت نوٹس

بنوں میں پولنگ اسٹیشن پر حملہ: الیکشن کمیشن کا صوبائی وزیر کو بیٹے اور بھائی سمیت نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کرنے کے کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ کے شاہ محمد کے علاوہ ان کے بھائی اور بیٹے کو نوٹسز جاری کردیے۔

بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پولنگ اسٹیشنز پر حملے اور پولنگ عملہ کو اغوا کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں بنوں کے ریٹرننگ افسر، ڈپٹی ریٹرننگ افسر (ڈی پی او) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) پیش ہوئے۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے وکیل کامران مرتضی نے الزام عائد کیا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ مسلح افراد کے ہمراہ پولنگ مواد لے کر فرار ہوئے، اس عمل میں صوبائی وزیر، ان کے بھائی اور بیٹے براہ راست ملوث ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایف آئی آر میں وزیر اور ان کے بھائی کو نامزد کرنے کے بجائے نامعلوم افراد درج کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی آر او صاحب یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے، منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں کوئی حکومتی عہدیدار ملوث ہوا تو اس کےخلاف بھی کارروائی ہوگی، کسی نے ملزمان کو بچانے کی کوشش کی تو وہ نہیں بچے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او بنوں شاہد عمران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ اور کیا ہوگا کہ پولنگ اسٹیشن سے عملہ اغوا ہوگیا، خواتین کو پولنگ اسٹیشنز سے اغوا کرنا انتہائی سنگین واقعہ ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کو برباد کردینا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، آر او صاحب کیا آپ جائے وقوع پر گئے تھے؟

جس پر ریٹرننگ افسر نے جواب دیا کہ میں دفتر میں اکیلا تھا راستہ بھی خطرناک تھا جس کی وجہ سے میں نہیں جا سکا، سب کو میں نے ای میلز اور وٹس ایپ کے ذریعے آگاہ کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر نو گو ایریا تھا تو پولنگ اسٹاف کی سیکیورٹی کے لیے کیا انتظامات کیے گئے تھے۔

جس پر ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں شاہد عمران نے بتایا کہ یہ تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے تھے، ہم نے 400 تک نفری طلب کی تھی لیکن ہمیں 300 اہلکار ملے، حساس پولنگ اسٹیشن پر ہم نے کسی کو بھی سیکیورٹی کے بغیر نہیں بھیجا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک 18 افراد گرفتار کیے گئے ہیں کچھ ملزمان کی گرفتاری نہیں ہوسکی۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد، ان کے بھائی اور بیٹے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں انتخابات کی شام نامعلوم افراد نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو انتخابی مواد سمیت اغوا کرلیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وہاں الیکشن ملتوی کردیا تھا۔

انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر نے ڈان کو بتایا تھا کہ انتظامیہ نے اغوا شدہ عملے کو بازیاب کرالیا تھا لیکن ای سی پی پولنگ ملتوی کردی۔

مذکورہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کے لیے ایک 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی تھی جسے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔