آئندہ حکومت عمران خان کی ہوگی یا نواز شریف کی؟ پاکستانیوں نے اپنی رائے دیدی

آئندہ حکومت عمران خان کی ہوگی یا نواز شریف کی؟ پاکستانیوں نے اپنی رائے دیدی
غیر ملکی جریدے بلومبرگ نے حال ہی میں پاکستان میں ایک سروے کیا جس میں عوام سے پوچھا گیا تھا کہ آئندہ الیکشن میں کون سی جماعت فتح یاب ہوگی۔

سروے کے مطابق 46 فیصد پاکستانی عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات میں جیت کے بعد اقتدار میں آ جائے گی۔ جبکہ 31 فیصد کے نزدیک عمران خان دوسری مدت کے لئے بھی کامیاب ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی جریدے بلومبرگ نے ایک سروے رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے آئندہ الیکشن ہارنے کے امکانات روشن بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں قائم بروکریج انسائٹ سیکیورٹیز لمیٹڈ کے فنڈ مینجرز اور دیگر سرمایہ کاروں کے سروے کے مطابق حکمران جماعت پی ٹی آئی آئندہ الیکشن ہار جائے گی۔

سروے کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حصہ لینے والے 46 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ اگلی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی جبکہ اکتیس فیصد افراد ابھی بھی تحریک انصاف کو کامیاب ہوتا دیکھ رہے ہیں۔

اس سروے میں شامل 19 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملے گی، چنانچہ مخلوط حکومت بننے کے امکانات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت پی ٹی آئی نے ایک ایسے صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کر لی ہے جس پر اس نے آٹھ سال حکومت کی۔ یہ شکست حکمران جماعت کی کم ہوتی مقبولیت کی علامت ہے کیونکہ ووٹرز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں۔