نوازشریف اگلے مہینے واپس آرہے ہیں، کسی قسم کی ڈیل کا تاثر بالکل غلط ہے: رانا ثنااللہ

نوازشریف اگلے مہینے واپس آرہے ہیں، کسی قسم کی ڈیل کا تاثر بالکل غلط ہے: رانا ثنااللہ
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ نوازشریف کی اگلے سال واپسی ہوگی اور وہی ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناالہ نے کہا کہ موجودہ نااہل ٹولے کا وقت ختم ہوچکا ہے، اگلے سال لانگ مارچ، مہنگائی مارچ اور جلسے جلوس ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہی ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، پوری قوم نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہے، اور ہر مشکل کا حل یہی دیکھا جارہا ہے کہ نوازشریف واپس آئیں اور لیڈ کریں، نواز شریف کی اگلے سال واپسی ہوگی البتہ ٹائم ٹیبل نہیں دے سکتا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کسی قسم کی ڈیل کا تاثر بالکل غلط ہے، نواز شریف کی ڈیل عوام اور ووٹ کو عزت دو کے ساتھ ہے۔

رانا ثناء اللہ نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نواز شریف کے واپس آنے کا خوف سونے نہیں دے رہا۔ آپ نے جو کرنا ہے کریں ، جو کہنا ہے کہیں جانا تو پڑے گا۔ راناثنا اللہ نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نالائقی ، نااہلی اور کرپشن کا سونامی لانے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سمیت ہر وزیر اور ترجمان کا بیان اور پریس کانفرنس صرف نواز شریف، شہباز شریف ہے عمران نیازی اور پنڈی کے شیطان کو ایک ہی پیغام ہے کہ ” بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے”۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ نہ صرف گھبرائے ہوئے ہیں بلکہ ‘بونترائے’ ہوئے ہیں۔ عمران نیازی نے گھبراہٹ میں پارٹی آئین ہی ختم کر دیا ہے۔ اس وقت پی ٹی آئی بطور جماعت قانونا ختم ہو چکی ہے، پوری قوم اپنے قائد محمد نواز شریف کا استقبال کرنے کے لئے چشم براہ ہے۔

رہنما کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزامات ہی ہیں، ثبوت کوئی نہیں جب وزیراعظم نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی ، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔