'تین بار وزیراعظم رہنے والا بھاگ گیا، زرداری ملک میں رہے، مقدمات کا سامنا کیا'

'تین بار وزیراعظم رہنے والا بھاگ گیا، زرداری ملک میں رہے، مقدمات کا سامنا کیا'
وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تین دفعہ وزیراعظم رہنے والا شخص ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ ان کے مقابلے آصف زرداری کریڈٹ کے مستحق ہیں وہ بھاگے نہیں بلکہ مقدمات کا سامنا کیا۔
ہم نیوز کے پروگرام "بریکنگ پوائنٹ ود مالک" میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو کریڈٹ دوں گا کہ وہ ملک سے بھاگے نہیں اور مقدمات کا سامنا کیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ سردار ایاز صادق لندن جا کر نواز شریف سے سلام دعا کرکے واپس آگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) والے مختلف بیانات دے رہے ہیں حقیقت کا کسی کو نہیں پتا جب کہ جاوید لطیف بڑے کنفیوژن کا شکار ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی بات ٹھیک ہے کہ ہم بتانے میں ناکام رہے کہ ہم نے کیا مثبت چیزیں کی ہیں۔
پروگرام میں شامل پی پی رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کبھی قومی ایشوز پر لیڈ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے پیدا کرنا حکومت کا کام ہوتا ہے جس میں حکومت ناکام ہے۔
قمر الزماں کائرہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے 3 لوگ ایسے ہیں جو وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی اہم رازایسے ہیں جو موجودہ کابینہ کو بھی پتہ نہیں ہوں گے مگر اپوزیشن ان سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔