ملکہ برطانیہ کے گارڈ نے بچے کو ٹھوکر مار دی، ویڈیو وائرل

ملکہ برطانیہ کے گارڈ نے بچے کو ٹھوکر مار دی، ویڈیو وائرل
برطانوی ملکہ کے ایک گارڈ نے مارچ پاسٹ کے دوران اچانک سامنے آنے والے بچے کو پائوں تلے روند دیا۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ بچہ غیر ملکی ہے اور اپنے والدین کے ساتھ سیر کیلئے باہر نکلا تھا۔ متاثرہ بچے کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ سیاح ہیں اور سال نو کی چھٹیاں منانے برطانیہ آئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے ایک گارڈ نے محل کے نزدیک مارچ پاسٹ کے دوران اپنے سامنے آنے والے بچے کو ہٹانے کی بجائے اسے پائوں تل روند دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برطانوی گارڈ کی ٹھوکر لگنے سے بچہ بری طرح سے لڑکھڑا کر گرا لیکن گارڈ نے اس کو اٹھانے کی بجائے مارچ پاسٹ جاری رکھا۔



تاہم برطانوی گارڈز کے افسر کا موقف ہے کہ وہاں موجود لوگوں کو اعلان کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ دو محافظ مارچ پاسٹ کرتے ہوئے آ رہے ہیں، ان کے سامنے سے ہٹ جائیں لیکن شاید بچے نے یہ نہیں سنا اور اچانک ان کے سامنے آگیا۔
ادھر ترجمان برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ٹاور آف لندن کے نزدیک پیش آنے والے واقعے کا علم ہوا ہے۔ وہاں موجود محافظین نے بچے کا معائنہ کیا تھا، اسے کوئی چوٹ نہیں آئی، وہ بالکل ٹھیک ہے۔
یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، لوگوں نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ تاہم بعض صارفین کا کہنا ہے کہ برطانوی محافظ نے بچے کو روندا نہیں بلکہ اپنا پاؤں اونچا کیا تھا تاکہ کہیں بچے کو چوٹ نہ لگ جائے۔ اس کے جواب میں دیگر کا کہنا تھا کہ محافظ کو بچے کی مدد کے لئے رکنا چاہیے تھا۔