پرویز خٹک نے جو باتیں اجلاس میں کہیں وہی 10 منٹ پہلے میرے ساتھ کیں، چوہدری غلام حسین کا انکشاف

پرویز خٹک نے جو باتیں اجلاس میں کہیں وہی 10 منٹ پہلے میرے ساتھ کیں، چوہدری غلام حسین کا انکشاف
سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت سے قبل بھی غصے میں تھے۔

پی ٹی آئی حکومت کے قریب سمجھے جانے والے صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ میں پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم سے ایک ملاقات کے لئے گیا جہاں میری پرویز خٹک سے ملاقات ہوئی، پرویز خٹک اس وقت بہت سیخ پا تھے، اس وقت وہاں پر اسد عمر، عامر ڈوگر و دیگر ایم این ایز بھی موجود تھے، اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ اگر ہمارا گیس کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہمیں کوئی ووٹ دے گا اور نہ میں کسی کو ووٹ دوں گا،صاف اعلان کر رہا ہوں۔

چوہدری غلام حسین نے مزید کہا کہ اس موقع پر کسی رکن اسمبلی نے حماد اظہر کا تذکرہ کیا تو پرویز خٹک نے حماد اظہر کو گالی بھی دی اور ان کے لیے سخت الفاظ بھی استعمال کیے البتہ انہوں نے وزیراعظم سے متعلق کوئی بات نہیں کہی۔ پرویز خٹک نے صوبائی وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کی وجہ سے پارٹی تباہی کا شکار ہو رہی ہے۔

پرویز خٹک نے بتایا کہ ان حالات میں ہم کے پی کے میں کوئی سیٹ نہیں جیت سکیں گے ۔میں اس طرح الیکشن نہیں لڑوں گا اس کے باوجود اگر عمران خان وزیراعظم بن جاتے ہیں تو میں اس ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گا۔ مراد سعید اور حماد اظہر جیسے لوگوں نے وزیراعظم کو جھوٹی کہانیاں سنا کر بربادی کی ہے۔

چوہدری غلام حسین نے ارشد شریف کے ایک سوال پر کہا کہ میرے اور صابر شاکر کے پروگرام میں ہم نے جو اندر کی باتیں بتائیں وہ ہمیں کسی نے خاص معلومات دی تھیں۔

چوہدری غلام حسین نے کہا کہ پرویز خٹک نے میرے اور اسد عمر کے سامنے یہ تمام باتیں 10 منٹ پہلے کیں اور یقیناً انہوں نے یہ باتیں اجلاس میں بھی کی ہوں گی۔




خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان تلخ کلامی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہم نے آپ کو وزیراعظم بنوایا ہے، آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے، میں یہاں سے جا رہا ہوں، یہ کہہ کر پرویز خٹک نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے پرویز خٹک کو کہا تھا کہ کہ پرویز خٹک مجھے بلیک میل مت کرو، ووٹ نہیں دینا نہ دو۔ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، میرے کوئی کارخانے نہیں، میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہے۔

تاہم بعد ازاں پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور وزیراعظم سے متعلق بے بنیاد خبریں چلائی جارہی ہیں۔