'دھونی نے کہا کہ آپ جہاں بھی ہوں گے آپ کو شرٹ پہنچاؤں گا'

'دھونی نے کہا کہ آپ جہاں بھی ہوں گے آپ کو شرٹ پہنچاؤں گا'
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی سے شرٹ ملنے کے حوالے سے بتایا ہے۔

پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف جب بگ بیش لیگ کے لیے آسٹریلیا میں موجود تھے تو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر ایم ایس دھونی کی 7 نمبر کی شرٹ کی تصاویر لگا کر اپنے پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اعزاز قرار دیا۔

کرکٹر نے اس حوالے سے بتایا کہ ایم ایس دھونی ان کے فیورٹ کھلاڑی ہیں اور وہ ہمیشہ سے ان کے نقشِ قدم پر چلتے آئے ہیں۔

حارث رؤف نے کہا کہ دوسرے ممالک کے کھلاڑی بھی پسندیدہ ہیں اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ سینئر کھلاڑیوں سے زیادہ سے زیادہ سیکھیں۔

حارث روف نے بتایا کہ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کی جانب سے ملنے والی شرٹ کو بہت شہرت ملی، بھارتی کرکٹ ٹیم سے رابطے رہے ہیں اور یہ رابطے اس وقت قائم ہو ئے جب پہلی مرتبہ سڈنی میں بھارتی ٹیم سے ملاقات ہو ئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعدازاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی بھارتی ٹیم اور ایم ایس دھونی سے بات چیت ہوئی، ایم ایس دھونی میرے فیورٹ ہیں اس لیے میں نے ان سے شرٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

فاسٹ بولر نے بتایا کہ ایم ایس دھونی نے کہا کہ آپ جہاں بھی ہوں گے آپ کو شرٹ پہنچاؤں گا، اس طرح ایم ایس دھونی کی فرنچائز کے مینجر نے مجھے آسٹریلیا میں شرٹ دی، یہ شرٹ پانے کے بعد مجھے بہت اچھا لگا، میرے لیے یہ ایک بہت اچھا تحفہ ہے۔