پی ٹی آئی کے اہم وزیر نے پرکشش وزارت بھی مانگ لی، فرمائش پوری نہ کرنے پر مستعفی ہونے کی دھمکی

پی ٹی آئی کے اہم وزیر نے پرکشش وزارت بھی مانگ لی، فرمائش پوری نہ کرنے پر مستعفی ہونے کی دھمکی
سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے ایک اہم وزیر نے فرمائش کی ہے کہ موجودہ وزارت کے ساتھ ایک اور پرکشش وزارت نہ ملی تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔

جی این این کے پروگرام 'خبر ہے' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین آگاہ کر چکے چکے ہیں کہ وزیراعظم کے مشیر کسی کی گیم کھیل رہے ہیں۔ ان کے نوے فیصد مشیر واقعی عمران خان صاحب کے ساتھ نہیں ہیں۔

عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ چودھری برادران انتہائی زیرک سیاست دان ہیں۔ دونوں نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا ہے کہ اپنے اردگرد لوگوں سے بچ کر رہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو ان کی باتیں ٹیپ کرکے اپوزیشن کے ساتھ مل کر ان کیخلاف استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ حالات بہتر نہیں رہے تو چودھری شجاعت اور پرویز الہیٰ نے اشارے کے طور پر انہیں خبردار کیا ہے کہ آنے والے وقت کے لئے کہ ان کے اردگرد موجود لوگ انہیں اپنے اینگل کے مطابق غلط گائیڈ کر رہے ہیں۔ عمران خان صاحب کے لئے حالات کشیدہ ہو گئے ہیں، جس پر نپے تلے الفاظ میں اتحادیوں کی جانب سے اپنے مشیروں سے خبردار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی وزیراعظم تعریفیں کرتے تھے لیکن اب جب ان کی حکومت میں کرپشن کا بھانڈا پھوٹا ہے تو وہ اس میں کیڑے نکالنا شروع ہو گئے ہیں۔ تاہم یہ ایک کڑوا سچ ہے کہ ملک میں کرپشن بڑھی ہے۔ کوئی اس بات کو تسلیم کرے یا نہ کرے، حقیقت بدل نہیں سکتی۔