ٹک ٹاکر حریم شاہ کی لندن میں الطاف حسین سے دلچسپ ملاقات، ویڈیو وائرل

ٹک ٹاکر حریم شاہ کی لندن میں الطاف حسین سے دلچسپ ملاقات، ویڈیو وائرل
ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ لندن میں بانی ایم کیوایم الطاف حسین سے ملاقات کیلئے پہنچ گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بانی ایم کیوایم ٹک ٹاک سٹار سے رک کر گفتگو کرتے ہیں اور انہیں اچھے مستقبل کیلئے دعا دیتے ہیں جبکہ اس دوران ان کے گارڈز انہیں چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حریم شاہ نے ملاقات کا احوال نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران بیان کیا ، ان کا کہناتھا کہ میڈیا کے نمائندوں نے مجھے بتایا کہ الطاف حسین اپنی سماعت کے لیے عدالت کے اندر ہیں تو میں اور میری دوست عدالت کے اندر چلےگئے۔حریم کا کہناتھا کہ مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ مجھے بغیر کسی پریشانی کے عدالت کے اندر جانے دیا گیا۔

انہوں نے بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے عدالت میں الطاف حسین کو دیکھا تاہم ہم باہر آگئے لیکن سماعت کے اختتام ہونے کے بعد وہ بھی اپنے گارڈز کے ہمراہ عدالت کے باہر آئے۔ عدالت سے باہر آتے ہی ان کے گارڈز نے ہمیں بانی ایم کیوایم سے ملاقات کرنے سے روکا لیکن الطاف حسین کھڑے رہے اور مجھے سے ملاقات کی اور کافی ساری باتیں کرنے کے ساتھ دعائیں بھی دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ گارڈز کے منع کرنے کے باوجود وہ رکے، مجھے پہچانا اور مجھ سے ملاقات کی۔

حریم نے بتایا کہ وہ الطاف حسین کے بارے میں صرف اتنا ہی جانتی ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کے بانی ہیں اس کے علاوہ کچھ معلوم نہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا پر جو چلتا ہے میں اس پر یقین نہیں کرتی تاہم مجھے ان سے مل بہت خوشی ہوئی۔