مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان اہم ملاقات جاری

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان اہم ملاقات جاری
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان شہباز شریف کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات جاری ہے جس میں حکومت مخالف لائحہ عمل اور لانگ مارچ سے متعلق بات چیت جاری ہے۔



تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا ہے۔ ظہرانے میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زراری اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔



شہباز شریف کی معاونت کے لیے مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، مریم اورنگزیب بھی موجود ہیں جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے ہمراہ حسن مرتضی اور رخسانہ بنگش موجود ہیں۔ دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان احتجاجی لانگ مارچ کا انضمام کرنے اور حکومت مخالف لائحہ عمل سے متعلق اہم گفتگو کی جارہی ہے۔



واضح رہے کہ نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا ہے۔