یونان کا پاکستانیوں کیلئے اہم اقدام، 5 سالہ ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

یونان کا پاکستانیوں کیلئے اہم اقدام، 5 سالہ ویزے جاری کرنے کا فیصلہ
یونانی حکومت نے غیر قانونی طور پر تارکین وطن کی آمد روکنے کیلئے پاکستانیوں کو 5 سال کی مدت کیلئے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے براہ راست پروزاوں کیلئے پی آئی اے کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں یونان نے نئی امیگریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستانی ورکرز کو قانونی ویزے دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ان فیصلوں سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

اس مقصد کے لئے یونان کے وزیر برائے مائیگریشن اینڈ اسائلم نوٹس میتاراچی نے خصوصی طور پر پاکستان کا دورہ کرکے پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان اور یونان کے درمیان رابطوں کا مضبوط نیٹ ورک نہیں تھا جس وجہ سے یونان میں مقیم پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

میتاراچی نے آج وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی ایوب آفریدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان امیگریشن اور غیر قانونی تارکین وطن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یونانی وزیر نے بتایا کہ ان کے ملک میں ساٹھ ہزار سے زیادہ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ پاکستانی موجود ہیں۔ اس وقت بارڈرز پر سخت کنٹرول کرکے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو کم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یونان کا ماضی اور تاریخ بھی پاکستان سے ملتا جلتا ہے۔ لوگ غیر قانونی طور پر دوسرے ملک کیوں جاتے ہیں۔ ہم اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال پاکستانیوں کی قانونی امیگریشن کے لئے پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس کے تحت 5 سال کی مدت کے لئے ویزے فراہم کئے جائیں گے۔ قانونی طور پر مقیم پاکستانی سال میں سے 9 ماہ یونان جبکہ 3 ماہ پاکستان میں رہ سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یونان کی جانب سے مرتب کی گئی اس نئی پالیسی کے 3 بڑے اہداف کو طے کیا گیا ہے جن میں غیر قانونی نقل مکانی کا خاتمہ کرنا، سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینا اور نئے ویزوں کا اجرا شامل ہیں۔

یونانی وزیر نے کہا کہ ہمیں یورپ کے اندر سے بھی غیر قانونی تارکین وطن کا سامنا ہے جن میں یوکرائن، البانیہ اور ترکی وغیر شامل ہیں۔ قانونی امیگریشن سے ہمارے ملک کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور یونان کے لئے براہ راست پروازوں کے لئے پاکستان کی ایئر لائن کو فروغ دیا جائے گا۔

میتاراچی نے کہا کہ کامیاب پالیسی یہ ہے کہ تارکین وطن ایک دن اپنے ملک واپس آئیں گے اور سرمایہ کاری واپس لائیں گے۔ پاکستان کے لئے قانونی ذرائع سے خصوصی انسانی وسائل فراہم کر کے ترقی میں شراکت دار بننا ایک اچھا اقدام ہوگا۔