'حکومت کا بھاری بوجھ اور نہیں اٹھا سکتے' ایم کیو ایم کا مزید وزارتیں لینے سے انکار

'حکومت کا بھاری بوجھ اور نہیں اٹھا سکتے' ایم کیو ایم کا مزید وزارتیں لینے سے انکار
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے مزید وزارتیں لینے سے انکار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی سب سے بڑی حلیف جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت کو صاف کہہ دیا ہے کہ مزید وزارتیں نہیں لے گی کیونکہ حکومت کی اس ساکھ میں وہ اس کا زیادہ بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔

باخبر ذرائع نے قومی اخبار دی نیوز کو بتایا کہ حال ہی میں ایم کیوایم کو مزید وزارتوں کی پیشکش کئی گئی تھی مگر ایم کیوایم پاکستان کا یہ جواب تھا کہ وہ پہلے ہی حکومت کا بھاری بوجھ اٹھائے ہوئے ہے اور انہیں تنقید کا سامنا ہے۔ حکومت نے کابینہ میں توسیع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ایم کیو ایم نے دو ٹوک جواب دے کر منع کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مزید پانچ ارکان کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وفاقی اورصوبائی کابینہ میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ بڑھانے سے محکموں کی استعداد بڑھے گی اور لوگوں کے مسائل حل ہوں گے، عہدے کسی کو راضی کرنے کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے ہیں۔

انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب ،مختلف ڈویژن کے پارٹی کے ممبران اسمبلی اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں جس میں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق مختلف منصوبوں اور عوام کی فلاح کے لئے اقداما ت کا جائزہ لیا گیا کہ وہ کس سطح پر پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی کابینہ میں اضافہ کر رہے ہیں اس سے محکموں کی استعداد بڑھے گی اور لوگوں کے مسائل حل ہوں گے ۔