لاڑکانہ میں جے یو آئی رہنما مولانا راشد خالد محمود سومرو پر حملے کی کوشش

لاڑکانہ میں جے یو آئی رہنما مولانا راشد خالد محمود سومرو پر حملے کی کوشش
لاڑکانہ میں جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد خالد محمود سومرو پر نامعلوم مسلح افراد نے حملے کی کوشش کی، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد خالد محمود سومرو لاڑکانہ سے میرو خان کی طرف منعقدہ جلسے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ کنگا تھانہ کی حدود کے قریب مسلح افراد نے درخت پھینک کر ان کا راستہ روک دیا اور حملے کی کوشش کی، تاہم ان کے قافلے میں موجود سیکیورٹی گارڈ اور پولیس اہلکاروں کی بروقت فائرنگ سے وہ محفوظ رہے۔
جس کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس موقع پر مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے جائے واردات پر پہنچ کر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں وہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے محفوظ رہے۔

https://twitter.com/juipakofficial/status/1494759803071127553?s=20&t=ajIGGz5XxmCbCQbjPpYuJg
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ اس واقعے پر خاموشی اختیار نہیں کریں گے اور ایسے شرپسندعناصر کو بے نقاب کریں گے۔
دوسری جانب جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا راشد خالد محمود سومرو پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے واقعے کی تحقیقات کرکے اصل سازش کا پتا لگائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔