عمران خان پشاور میں تعینات ایک اہم عہدیدار کی مدد سے ارکان پر دباؤ ڈال رہے ہیں، مریم اورنگزیب کا غیر معمولی بیان

عمران خان پشاور میں تعینات ایک اہم عہدیدار کی مدد سے ارکان پر دباؤ ڈال رہے ہیں، مریم اورنگزیب کا غیر معمولی بیان
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جیسے جیسے دن قریب آ رہے ہیں، خوف میں مبتلا عمران صاحب پشاور میں ایک شخص جن کی حالیہ ہفتوں میں تعنیاتی ہوئی ہے کے ذریعے اراکین پارلیمان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ خبردار کر رہی ہوں کہ اِن صاحب سے عمران صاحب پشاور سے یہ فون کالیں کرانا فوری بند کریں،  آپ کی سیاست میں گھسیٹنے کی وجہ سے پہلے ہی ادارے کی ساکھ جس قدر متاثر ہوئی، اس کی نظیر نہیں ملتی۔ آپ باز نہ آئے تو ہم اِن صاحب کا نام لینے پر مجبور ہوں گے، آپ سیاست کے میدان میں سیاسی انداز میں مقابلہ کریں

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ غیر آئینی حرکتیں آپ کے خوف اور شکست کا واضع ثبوت ہیں، جس کی وجہ سے ادارے کے حصے میں بدنامی آرہی ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد ہر سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی حق ہے، اپوزیشن اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں مناسب وقت پر مشاورت سے یہ تحریک لائیں گی۔

دی نیوز اور جنگ کے صحافی انصار عباسی نے اس بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اتوار کو ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے غیر معمولی لیکن انتہائی پریشان کُن بیان دیا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان پشاور میں تعینات ایک اہم عہدیدار کی مدد سے ارکان قومی اسمبلی پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک سے دوُر رہیں۔

انصار عباسی نے کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان کی جانب سے یہ بیان نواز شریف اور شہباز شریف کی حمایت سے جاری کیا گیا ہے اور اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ اس بیان کے بعد توقع ہے کہ کچھ بڑے واقعات پیش آئیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ مسلم لیگ ن میں ایک بھائی کا بیانیہ کچھ اور جبکہ دوسرے کا کچھ اور، شہباز شریف اس بات کو نا پسند کرتے تھے کہ کسی ادارے یا ادارے میں بیٹھے کسی شخص کا نام لیا جائے لیکن یہاں وہ مریم اورنگزیب صاحبہ کی طرف سے ایسی پریس ریلیز جاری کروا رہے ہیں یعنی جن معاملات میں وہ محتاط ہوتے تھے اب وہ ان معاملات پر سخت بیانات دے رہے ہیں۔

انصار عباسی نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے یہ بیان جاری کروایا جانا بہت اہم ہے، جب یہ پریس ریلیز میرے سامنے آئی تو مجھے یقین نہیں آیا بعد میں میڈیا میں تمام چینلز نے اسے چلایا حتیٰ کہ اے آر وائے نے بھی اس خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیا اور میں نے نہیں دیکھا اور نہ میری اطلاعات ہیں کہ اس خبر کو رکوانے کی کسی نے کوشش کی ہو۔

دوسری جانب سینئر صحافی طلعت حسین نے بھی کہا ہے کہ  مریم اورنگزیب کا بیان دھماکہ خیز ہے جس میں وزیر اعظم عمران پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ "اداروں" کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں اور "حال ہی میں پشاور میں تعینات" کسی کو ن لیگی اراکین کو تحریک عدم اعتماد کے منصوبہ کی "ساکھ" کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس بیان کے نتائج غیر معمولی ہوں گے۔"

https://twitter.com/TalatHussain12/status/1495456912221130756