لگتا ہے کہ ادارے نیوٹرل ہوگئےکیونکہ عمران خان اب ان کیلئے ایک بوجھ بن گئے ہیں، خواجہ آصف

لگتا ہے کہ ادارے نیوٹرل ہوگئےکیونکہ عمران خان اب ان کیلئے ایک بوجھ بن گئے ہیں، خواجہ آصف
سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اب ادارے نیوٹرل ہوگئے ہیں کیونکہ عمران خان اب اِن کیلئے ایک بوجھ بن گئے ہیں، ہم نے بھی تحریک عدم اعتماد سے متعلق مکمل تیار کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کو بوجھ قرار دیدیا۔

ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ان کا اندازہ ہے کہ ادارے نیوٹرل ہوگئے ہیں کیونکہ عمران خان ایک بوجھ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق تیاری مکمل ہوگئی ہے اور آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلوں کی منظوری لی جائے گی۔ لیگی رہنما تحریک عدم اعتماد کے عمل کا اسی ہفتے آغاز کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ساری چیزیں واضح ہوجائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ موجودہ سیاسی صورتحال میں سینیئرپارٹی قیادت سے پھر مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے مشاورت کیلئے سینیئرپارٹی قائدین کو آج وزیراعظم ہاؤس میں بلالیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کے ساتھ بیٹھک میں پنجاب میں ناراض پارٹی رہنماؤں کی سرگرمیوں کےتناظرمیں مشاورت ہوگی جبکہ اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں علیم خان اور جہانگیر ترین گروپ کا اہم اجلاس ہوا تھا جس کے بعد علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا تھا۔اس کے علاوہ کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ہماری تیاری مکمل ہے۔