مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک بھر میں کارکنوں کا شدید احتجاج، اہم شاہراہوں کو بلاک کر دیا

مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک بھر میں کارکنوں کا شدید احتجاج، اہم شاہراہوں کو بلاک کر دیا
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک بھر میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اہم شاہراہوں کو بلاک کر دیا ہے جس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہو چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے یہ اعلان پارلیمنٹ لاجز میں انصار السلام کے کارکنوں اور اور اپنے ایم این ایز کی گرفتاری کے بعد کیا گیا تھا۔ جے یو آئی سربراہ واقعے کیخلاف خود بھی گرفتاری دینے لئے پارلیمنٹ لاجز پہنچے۔

انہوں نے میڈیا کیساتھ گفتگو میں تمام کارکنان کو گرفتاری دینے کے لیے جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے اور ملک گیر پہیہ جام کی ہدایت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمیں اطلاعات تھیں کہ ہمارے اراکین اسمبلی کو اغوا کیا جائے گا۔ حکومت نے لاجز پر حملہ کیا ہے۔ میں پی ڈی ایم کی سربراہ کی حیثیت سے پہنچا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی کے ورکر کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہو سکے تو اسلام آباد پہنچے اور اگر وہ نہیں پہنچ سکتے تو اپنے اپنے علاقوں میں مرکزی شاہراہیں بند کردیں۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور سابق سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ شیدا ٹلی کی کوئی بدمعاشی نہیں چلے گی۔ جب مذاکرات ہو رہے تھے تو پولیس کیسے اندر داخل ہوئی۔ اب ہماری جنگ شروع ہو گئی اور تمام اراکین اسمبلی گرفتاری دیں گے۔

https://twitter.com/MoulanaOfficial/status/1501980869145378820?s=20&t=l8zt2YfmC3LTkF4cMrJwRw

آغا رفیع اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آئی جی کا یہاں کیا کام، میری گاڑی کو کیوں روکا اور پولیس یہاں کیسے داخل ہوئی۔ انہوں نے پولیس کو پیچھے دھکیل کر رکاوٹ کو خود ہٹایا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے گھبرا کر حکومت تشدد پر اتر آئی ہے۔ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں۔ یہ بات حکومت کو بھی معلوم ہے۔ ماضی میں ایسی حرکتیں نہیں ہوئیں، صبر کریں چند دنوں کی بات ہے۔ ایسے لوگوں کو نہ اٹھایا جائے جس طرح اٹھا کر لے کر گئے ہیں۔

https://twitter.com/MoulanaOfficial/status/1501959463808479234?s=20&t=l8zt2YfmC3LTkF4cMrJwRw

ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کا دھاوا قابل مذمت ہے۔ کٹھ پتلی حکومت اب پولیس میں چھپ کر حملہ کر رہی ہے۔ عمران نیازی اراکین پارلیمنٹ کو خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ پولیس اور انتظامیہ کٹھ پتلی وزیراعظم کے غیر قانونی احکامات پر عمل نہ کرے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کے نمبرز پورے نہیں ہیں، نمبرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے ایسی حرکتیں کی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد میں بڑے ایونٹس ہونے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن کی منت سماجت کی ایسی حرکتیں نہ کریں۔ اپوزیشن ممبران کو کہا کہ رضاکار فورس کو نکالیں، مگر بات نہیں مانی گئی۔

https://twitter.com/IhsanMarwat_786/status/1501970223838208008?s=20&t=lmsUtnbO9IgPcwY3iTiBWw

شیخ رشید نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں ڈنڈا بردار جتھے لانا بدمعاشی ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں جن کی ڈیوٹی تھی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اپوزیشن کو نظر آگیا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔