’زندگی تماشہ‘ کی نمائش پھر ملتوی، فلم ’آئی وِل میٹ یو دئیر‘ پر بھی پابندی عائد

’زندگی تماشہ‘ کی نمائش پھر ملتوی، فلم ’آئی وِل میٹ یو دئیر‘ پر بھی پابندی عائد
ڈائریکٹر اور فلم پروڈیوسر سرمد کھوسٹ کی فلمزندگی تماشہ‘ کی نمائش پھر ملتوی کر دی گئی ہے۔ یہ فلم 18 مارچ کو پاکستانی سرکٹ میں ریلیز ہونا تھی لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کی نمائش ملتوی کر دی گئی ہے۔ سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ یہ فلم جلد ریلیزہو گی لیکن انہوں نے نمائش ملتوی ہونے بارے کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔

خیال رہے کہ پاکستانی فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا’ نے چھٹے ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول (اے ڈبلیو ایف ایف) میں بہترین فلم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

‘زندگی تماشا’ کو اب تک پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا لیکن اس فلم کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے اور یہ تعریفیں بھی وصول کررہی ہے۔

دوسری جانب گذشتہ ہفتے سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر نے پاکستانی نژاد امریکی فلم میکر ارم بلال کی فلم ’آئی ول میٹ یو دئیر‘ (I’ll Meet You There) پر یہ کہہ کر پابندی لگا دی ہے کہ اس میں پاکستانی ثقافت کی غلط نمائندگی کی گئی ہے۔ ارم بلال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس فلم کو اسلاموفوبیا کے خلاف ایک پیغام کے طور پر بنایا ہے۔ اس فلم میں ممتاز پاکستانی اداکار قوی خان نے بھی کام کیا ہے۔