آصفہ بھٹو کا کیمرا ڈرون سے زخمی ہونے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھ دیا

آصفہ بھٹو کا کیمرا ڈرون سے زخمی ہونے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھ دیا
پیپلز پارٹی کی قیادت نے آصفہ بھٹو زرداری کے کیمرا ڈرون سے زخمی ہونے کے معاملے پر پاک فوج  کے خفیہ ادارے کے سربراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم کو خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم خط پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر بخاری کی طرف سے لکھا گیا ہے جس میں اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو لانگ مارچ شروع کیا۔ 4 مارچ کو عوامی مارچ خانیوال پہنچا تو ڈرون نے ٹرک کی طرف آکر آصفہ بھٹو کو ہٹ کیا۔ ڈرون کیمرا لگنے کا معاملہ خانیوال پولیس سٹیشن پر بھی رپورٹ کیا گیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ آپ کا ادارہ اس معاملے کی صاف شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئی ایس آئی اور دیگر خفیہ اداروں سے واقعے کی تحقیقات کی اپیل کرتے ہوے کہا تھا کہ میری ہمشیرہ آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہمارے لئے ایک پیغام تھا۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ میرے لئے ناقابل برداشت ہے۔ ہمیں حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔ میں ملک کے خفیہ اداروں اور آئی ایس آئی سے درخواست کروں گا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میرے والد آصف زرداری کو دی جانے والی دھمکی بھی ناقابل برداشت ہے۔ جو سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے وہ جان لیں ہماری رگوں میں شہیدوں کا خون ہے۔ اب ہم بچے نہیں رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھمکی دیں گے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ سیاست کرنا ہمارا حق ہے۔ ہم جمہوریت کے حامی ہیں۔ میں ایک پُرامن آدمی ہوں اور رہوں گا۔ میں نے خاتون اول کے لئے کبھی غلط زبان استعمال نہیں کی۔ ہمیں تو بتایا گیا تھا کہ کوئی پوسٹنگ ان کی اجازت کے بغیر نہیں ہوتی۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔