27 تاریخ کا جلسہ ہمارے لئے ریفرنڈم اور اعتماد یا عدم اعتماد ہوگا: شیخ رشید

27 تاریخ کا جلسہ ہمارے لئے ریفرنڈم اور اعتماد یا عدم اعتماد ہوگا: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 27 مارچ کی رات فائنل ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ 27 تاریخ کا جلسہ ہمارے لئے ریفرنڈم اور اعتماد یا عدم اعتماد ہوگا۔ اللہ سے پوری اُمید ہے کہ عمران خان جیتے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس بھی بہت کارڈز ہیں، وقت آنے پر معلوم ہو جائے گا۔ ووٹنگ کس دن ہوگی، یہ فیصلہ سپیکر کا ہوگا۔ سپیکر جب چاہیں عدم اعتماد پر ووٹنگ کروا سکتے ہیں۔ انشاء اللہ 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا اور وفات پانے والے رکن قومی اسمبلی کے ایصال ثواب کے لیے دعا ہوگی۔ امید ہے اتحادی عمران خان کیساتھ چلیں گے، نہ چلے تو اُن کی مرضی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ یکم یا دو اپریل کو ہوسکتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی

خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس بلا لیا گیا ہے، 7 دن کے اندر اندر فیصلہ ہو جائے گا۔

وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں نے اجلاس بلانے میں کسی قسم کی آئینی خلاف ورزی نہیں کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں رکاوٹ نہیں بنوں گا۔ اس معاملے پر ووٹنگ سات دن کے اندر اندر ہوگی۔ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ یکم یا 2 اپریل کو ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر قومی اسمبلی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلاؤں گا۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ آئین پاکستان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کے چودہ دنوں بعد قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں رکھا، جبکہ چودہویں دن پر سیشن بلانا ہوتا ہے۔