عمران خان کو ناصرف عثمان بزدار بلکہ 2 وفاقی وزرا بھی چھوڑ بھاگنے والے ہیں، راجا ریاض کا دعویٰ

عمران خان کو ناصرف عثمان بزدار بلکہ 2 وفاقی وزرا بھی چھوڑ بھاگنے والے ہیں، راجا ریاض کا دعویٰ
حکمران جماعت تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور دو وفاقی وزرا چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

یہ دعویٰ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ''کیپیٹل ٹاک'' میں حامد میر سے گفتگو کے دوران کیا۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ارکان کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی۔ عمران خان اور عثمان بزدار کو اس وقت این آر او کی ضرورت ہے۔ عثمان بزدار تو عمران خان کو چھوڑ کر بھاگنے والے ہیں۔

https://twitter.com/HamidMirPAK/status/1506660562305912832?s=20&t=I8iQCwRiRvhE4KBTyp3Ztg

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف حکومت کے دو وزیر ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن ان کیلئے گنجائش نہیں بن رہی۔ اگر گنجائش بن گئی یا ہم میں کچھ لوگ راضی ہو گئے تو شاید وہ آ جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 جبکہ سنا ہے مسلم لیگ ق کے پاس بھی 3 سے 4 منحرف اراکین اسمبلی موجود ہیں۔

https://twitter.com/MurtazaViews/status/1506672542270070794?s=20&t=I8iQCwRiRvhE4KBTyp3Ztg

راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس اب کوئی کارڈ نہیں رہ گیا۔ تحریک کے گیارہ لوگ اور دو وفاقی وزیر ہمارے ساتھ مل جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں۔ وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کیلئے رابطے کر رہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی۔ اگر عمران خان میڈیا پر آ کر قرآن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کر دوں گا۔