علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما اور رکن اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے ایڈوکیٹ سردار شہباز کھوسہ نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پروڈکشن آرڈر کے لیے دائر درخواست پر آج ہی سماعت کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت کی خصوصی پے رول پر علی وزیر کو کل رہا کیا گیا تھا مگر ائیرپورٹ پر وفاقی اداروں کی جانب سے ان کو اسلام آباد آنے سے منع کیا گیا جس کے بعد وہ واپس جیل چلے گئے۔ اطلاعات کے مطابق سندھ ہاؤس کو علی وزیر کے لئے سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ایک ایک ووٹ قیمتی ہے، ووٹ ڈالنا علی وزیر کا آئینی حق ہے اور آئینی حق سے کسی کو روکا نہیں جا سکتا۔

محسن داوڑ کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ کو فریق بنایا گیا ہے۔