پنجاب کے سابق صوبائی وزیر راجہ ہمایوں یاسر کا سینئر صحافی پر تشدد، صحافیوں کا معافی کا مطالبہ

پنجاب کے سابق صوبائی وزیر راجہ ہمایوں یاسر کا سینئر صحافی پر تشدد، صحافیوں کا معافی کا مطالبہ
پنجاب کے صوبائی وزیر راجہ ہمایوں یاسر نے دنیا نیوز کے سینئر صحافی اخلاق باجوہ کا گلا دبا دیا۔

تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی راجہ یاسر ہمایوں نے داخلے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے صحافی اور دنیا نیوز کے سینئر رپورٹر اخلاق باجوہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انکا گلا دبا دیا۔ سابق صوبائی وزیر نے احتجاج کرنے والے صحافیوں کو دھکے بھی دئیے۔

رپورٹرز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کا داخلہ بند کئےجانے پر احتجاج کررہے تھے ۔ وفاقی وزیر شفقت محمود میڈیا ٹاک کرنا چاہتے تھے تاہم ان کے آگے سے مائیک اٹھا لیے گئے۔ پریس گیلری جو کہ پنجاب اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے نے اعلان کیا ہے کہ جب تک رپورٹرز کے داخلہ پر پابندی ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔

https://twitter.com/UmarAslam1985/status/1510150330616782848

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے سابق صوبائی وزیر راجہ ہمایوں یاسر کی جانب سے سینئر صحافی اخلاق باجوہ پر تشدد پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے ان سےفوری طورپر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس(پی یو جے)کے صدر ابراہیم لکی ،جنرل سیکرٹری خاور بیگ و ایگزیکٹو کونسل نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کے دوران تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں کی دنیا نیوز گروپ کے سینئر رپورٹر اخلاق باجوہ کیساتھ بدتمیزی اورتشدد کی شدیدی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے سینئر صحافی اخلاق باجوہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے راجہ یاسر ہمایوں سے معافی کا مطالبہ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیر نے سینئر صحافی سے چوبیس گھنٹوں میں معافی نہ مانگی تو پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی اورکمیونٹی سے باہمی مشورہ کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے