پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام تجویز کردیا

پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام تجویز کردیا
پی ٹی آئی نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کر دیا ہے۔

یہ بات تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کیلئے تجویز کیا ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کے نام خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے 3 دن کے اندر کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہو تو دونوں شخصیات 2،2 نام کمیٹی کو بھیجیں گی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے لئے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوتے تو سپیکر قومی اسمبلی آٹھ ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی سابق قومی اسمبلی ارکان اور  سینیٹ ارکان پر مشتمل ہوگی۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1510936978669256706?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1510936978669256706%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F282297-

اس خط کے جواب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نگران حکومت کے لئے صدر مملکت کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک آئین شکن صدر کے خط کا جواب کس طرح دے سکتے ہیں؟ صدر مملکت عارف علوی، عمران خان اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری تینوں آئین شکن ہیں۔

شہباز شریف کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم آئین کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیں، پھر مشاورت کے بعد فیصلہ کریںگے۔ ہم عمران خان کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔