اگر ہم نے غداری کی تو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ثبوت قوم کے سامنے لائیں: شہبازشریف

اگر ہم نے غداری کی تو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ثبوت قوم کے سامنے لائیں: شہبازشریف
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے کہا ہےکہ میں آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مطالبہ کرتا ہوں اگر ہم نے غداری کی ہے تو ثبوت قوم کے سامنے لائیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے یہ جرم نہیں کیا ہم میں سے کسی نے جرم نہیں کیا ،کسی خارجہ طاقت کو دعوت نہیں دی، اس معاملے کا اب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مطالبہ کرتا ہوں اگر ہم نے غداری کی ہے تو ثبوت قوم کے سامنے لائیں، عدالت کے سامنے یہ ثبوت لائیں۔

لیگی صدر نے کہا کہ میں نے کبھی اتنے صاف الفاظ میں بات نہیں کی، اب عدالت سے بھی ملتمس ہوں، اپنے وکلا کے ذریعے یہ مطالبہ رکھیں گے کہ براہ کرم اس بات کا جائزہ لیں اور فورم بنادیں جس میں بات عیاں ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ساڑھے تین سال یہ مطالبہ کیا کہ یہ حکومت جعلی اور وزیراعظم بھی جعلی ہے، ہم نے جب آئینی و قانونی طور پرعدم اعتماد کی تحریک پیش کی تو اس کے بعد غداری کے نعرے لگ گئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہےکہ فوج کے سپہ سالار جن کی بے شمار قربانیاں ہیں وہ آج اس بات کا عندیہ دیں کہ کیا قومی سلامتی کمیٹی میں جومنٹس پاس ہوئے جس میں بین الاقوامی سازش اور اپوزیشن کا رول ہے تو اسے سامنے لائیں، کیا وہ منٹس انہوں نے سائن کیے؟ دیکھیں کیا اس میں اسٹیبلشمنٹ کی منظوری ہے؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے عارف علوی کا کوئی خط نہیں ملا، عارف علوی اور عمران نیازی آئین شکنی کے مرتکب ہیں، پہلے اس کا فیصلہ ہوگا باقی باتیں بعد میں ہوں گی۔