فرح خان کیخلاف کیس عدالت میں زیر سماعت ہونے کا انکشاف

فرح خان کیخلاف کیس عدالت میں زیر سماعت ہونے کا انکشاف
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف اراضی پر قبضے کا کیس سول عدالت گوجرانوالہ میں زیر سماعت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

کیس کے مدعی حارث میراں نے فرحت شہزادی عرف فرح خان کے خلاف کیس دائر کر رکھا ہے۔ مدعی حارث میراں، فرح خان کے شوہر احسن گجر کا چچا زاد بھائی ہے۔

مدعی کا موقف ہے کہ فرح خان نے ان کی اراضی پر قبضہ کرکے اپنے ہاؤسنگ سوسائٹی کا این او سی حاصل کیا۔ قبضہ کہ گئی میری 10 ایکڑ اراضی کی قیمت 25 کروڑ ہے۔

فرح خان نے چن دا قلعہ کے قریب واقعہ سوسائٹی کا این او سی 2021ء میں لیا تھا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ فرح خان گذشتہ 3 سال میں ایک بار بھی عدالت پیش نہیں ہوئیں جبکہ فرح خان کو عدالت میں سماعت کیلئے 19 اپریل کو دوبارہ عدالت پیش ہونا ہے۔

24 نیوز چینل کے مطابق فرح خان نے جواب میں ان الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدعی تمام معاملہ میں ہمارے ساتھ تھا۔ مدعی حارث میراں نے زمین کے بدلے پلاٹس لئے ہیں جس کا ریکارڈ ٹی ایم اے، جی ڈی اے کے پاس موجود ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران تمام ثبوت عدالت میں جمع کرائے جائیں گے۔