وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہر صورت ہو گا، نتیجہ بھی آج ہی آئیگا: ڈپٹی اسپیکر

وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہر صورت ہو گا، نتیجہ بھی آج ہی آئیگا: ڈپٹی اسپیکر
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن آج ہی ہو گا اور الیکشن کا نتیجہ بھی آج ہی آئے گا۔

پنجاب اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ اسمبلی قواعد کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن کراؤں گا، فری اینڈ فیئر انتخاب ہو گا اور معاملے کو التوا میں جانے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا اگر کوئی سمجھ رہا ہے کہ اس نے اسمبلی کے ماحول کو خراب کرنا ہے تو پھر میں نے پریشر لینا نہیں پریشر دینا ہے، اسمبلی ہال میں دونوں جانب سے کوشش ہوگی کہ ماحول کو خراب کے معاملے کو التوا میں ڈالا جائے لیکن سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ میڈیا کے نمائندے اندر اور باہر موجود ہوں گے، آپ لوگ دیکھیں گے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن آج ہی ہو گا اور الیکشن کا نتیجہ بھی آج ہی آئے گا۔

دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف اراکین ووٹ ڈال سکتے ہیں اور اس کے بعد ان کے خلاف کارروائی پارٹی چیف کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا اگر حمزہ شہباز سے پیسے لینے کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔