بلاول بھٹو نے نواز شریف کیساتھ ملاقات کو ''میثاق جمہوریت'' جتنی اہم قرار دیدیا

بلاول بھٹو نے نواز شریف کیساتھ ملاقات کو ''میثاق جمہوریت'' جتنی اہم قرار دیدیا
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیگی قائد میاں نواز شریف کیساتھ کو '' میثاق جمہوریت'' جتنا اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی ان دونوں جماعتوں کا ساتھ اتنا ہی ضروری ہے، جتنا چارٹر آف ڈیمو کریسی کے وقت تھا۔

تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے آج لندن میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کیساتھ ان کی رہائشگاہ پر انتہائی اہم ملاقات کی جس میں عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی، نئی حکومت کے قیام، آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ اہم ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ شخص دوبارہ عوام کے سامنے جھوٹ بول رہا ہے۔ کہتا ہے کہ بین الاقوامی سازش ہوئی۔ میں اس سے پوچھتا ہوں کہ کون تمہارے کیخلاف سازش کرے گا۔ تم نے تو ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اور زرداری صاحب کی قیادت میں نئی نسل اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کی رہنمائی میں تمام مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے اقتدار کے خاتمے کو پوری قوم کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ کو گھر بھیج دیا لیکن اس نے جو نقصان ملک وقوم کو پہنچا دیا ہے، اب ہمیں مل کر اسے ٹھیک کرنا ہے۔ یہ ایک غیر جمہوری شخص تھا، جسے ہم پر مسلط کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ہم نے پاکستان میں جمہوریت کو بحالی کی طرف لے جانا ہے۔ اس لئے نواز شریف سے ملاقات ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف بیرونی سازش نہیں یہ جمہوری سازش تھی، عمران خان کے خلاف وائٹ ہاؤس کی نہیں بلاول ہاؤس کی سازش تھی،  عمران خان کا بیانیہ ہےکہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ  نواز  شریف کا جمہوریت کی بحالی میں کردار اور قربانی سب کے سامنے ہے، اس نیت کے ساتھ آیا ہوں کہ ان چیلنجز کا مقابلہ تب کرسکتے ہیں جب شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔