سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا، عمران خان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا: وزیر اطلاعات

سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا، عمران خان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا: وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ وہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا لیکن آج سازش کا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ اتحادیوں کے چھوڑ جانے کے بعد ان کو سازش نظر آنے لگی۔ انہوں نے کئی دن تک مراسلے کو کیوں چھپائے رکھا؟ عمران خان سازش کرنے والے ملک کے نمائندوں سے کیوں ملتے رہے؟ عمران خان عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں۔ قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا  فیصلہ سنانے والا ہے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے اپنے اکاؤنٹس چھپائے۔ وہ شوکت خانم کے نام پارٹی کے لئے فنڈ اکٹھے کرتے رہے۔

https://twitter.com/GovtofPakistan/status/1517858803538362370?s=20&t=2KoQFr9xP_R7n1_BR6DBOw

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا نہ ہونا عمران خان کی نالائقی ہے۔ اتحادیوں کے چلے جانے کے بعد عمران خان کو نئے انتخابات کی یاد آنے لگی۔ بجلی، آٹا، چینی چور ہمیں لیکچر نہ دے۔ صدر کا حلف لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت آئینی طریقے سے بنی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا محور محمد نواز شریف ہیں۔ ان کے مقابلے میں عمران خان جھوٹا، چور اور منافق شخص ہے۔ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کو ذاتی کاروبار کے لیے استعمال کیا۔ عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ انہوں نے کبھی عوام کی بہتری کا نہیں سوچا۔ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا جھوٹ بولا۔ عوام کی ادویات اور کورونا فنڈ پر ڈاکا ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ ان کو اب فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔ پنجاب میں کمیشن کھانے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔ عمران خان اپنی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں۔