پنجاب میں نیا بحران، گورنرپنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ اعتراض لگا کرمسترد کردیا

پنجاب میں نیا بحران، گورنرپنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ اعتراض لگا کرمسترد کردیا
گورنرپنجاب عمرسرفراز چیمہ نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کرمسترد کردیا۔

پنجاب میں نومنتخب وزیراعلی حمزہ شہباز کے حلف سے پہلے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفی آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا۔

گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلی عثمان بزدار کا استعفیٰ آئین کے آرٹیکل 130 کے سب سیکشن 8 کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔ عثمان بزدار نے استعفیٰ وزیراعظم کے نام دیا جو آئینی طورپر غلط ہے۔

گورنرپنجاب نے استعفیٰ مسترد کرکے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کو خط لکھ دیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کو گورنر کا خط موصول ہوگیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے، عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں بلایا جائے گا، پنجاب کابینہ کا اجلاس عثمان بزدار کی زیر صدارت آج ہو گا۔

یاد رہے کہ عثمان بزدار نے 28 مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے اس وقت کے گورنر چوہدری محمد سرور نے یکم اپریل کو منظور کر لیا تھا۔