عمر سرفراز چیمہ آج سابق گورنر پنجاب بن جائیں گے، مجیب الرحمان شامی

عمر سرفراز چیمہ آج سابق گورنر پنجاب بن جائیں گے، مجیب الرحمان شامی
سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے نوٹی فیکیشن جاری ہو جائے گا کہ عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب نہیں رہے، صدر مملکت ان کو اس عہدے پر براجمان نہیں رکھ سکتے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ''نقطہ نظر'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گورنر کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہی ہے، صدر کے پاس نہیں۔ وہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل پیرا ہونے کے مکمل پابند ہیں۔

مدت گزرنے کے بعد سمری خود بخود منظور ہو جاتی ہے۔ اس لئے عمر سرفراز چیمہ منگل کے روز سابق گورنر ہو جائیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹی فیکیشن کے بعد وہ ڈی نوٹیفائی ہو جائیں گے۔

https://twitter.com/ajmaljami/status/1523735579695136768?s=20&t=JEJmVV4ngTLhfemT71Q09w

مسلم لیگ ن کی جانب سے بلیغ الرحمان کو نیا گورنر پنجاب بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے لیکن اگر صدر مملکت ان کی تعیناتی کی سمری میں بھی تاخیر کرتے ہیں تو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اجمل جامی نے بتایا کہ پورے سیاسی منظر نامے میں سردار عثمان بزدار واحد شخصیت ہیں جو وہیں کے وہیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ یہ سن کر حیران ہونگے کہ موصوف تو اب وزیراعلیٰ نہیں رہے تو پھر یہ کیسے ممکن ہے؟ اس بارے دلچسپ بات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ابھی تک قائد ایوان ہیں کیونکہ پنجاب اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ پر آج بھی ان کی ہی بطور وزیراعلیٰ تصویر لگی ہوئی ہے۔